نئی دہلی:24/اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)افغان صدر اشرف غنی کو وزیر اعظم نریندر مودی نے خط لکھ کرسبھی طرح کی دہشت گردی سے نمٹنے میں افغانستان کو کوششوں کے تئیں ہندوستان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے گزشتہ جمعہ کو مزارشریف پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں زخمی لوگوں کو ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔اس واقعہ میں 100سے زائد افغان فوجی ہلاک ہو گئے تھے جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے تھے۔غورطلب ہے کہ افغانستان میں ایک فوجی اڈے پر مبینہ طورپر طالبان کے حملے میں 100سے زائد افغان فوجیوں کی موت ہو گئی تھی۔افغانستان کی وزارت دفاع نے معلومات دی تھی کہ حملے کے وقت زیادہ تر فوجی نماز جمعہ پڑھ رہے تھے۔اس سے پہلے ملی معلومات میں امریکی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا تھا کہ حملہ شمالی شہر مزارشریف کے پاس فوج کے ایک اڈے پر ہوا تھا، حملے میں ایک مسجد میں نماز ادا کر رہے جوانوں اور افغان فوج کی 209کور کی کینٹین میں دیگر فوجیوں پر نشانہ لگایا گیا تھا، حملے نے افغانستان کو ہلا کر رکھ دیا۔